پاکستان کی بات لیکن عوامی مسائل نظرانداز: پرینکا

سدھارتھ نگر (یوپی) 10 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے آج الزام عائد کیاکہ کسانوں کو پریشانی کا سامنا ہے لیکن بڑے صنعتکاروں کے 5,50,000 کروڑ روپئے بی جے پی حکومت نے معاف کردیئے اور وزیراعظم نریندر مودی کے دوستوں نے گزشتہ پانچ سال میں 10 ہزار کروڑ روپئے کا منافع ریکارڈ کیا ہے۔ یہاں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پرینکا نے مودی پر تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیاکہ وہ پاکستان اور دیگر فضول مسائل پر تو بات کرتے ہیں لیکن عوام کے مسائل کو کبھی نہیں چھیڑتے۔ کانگریس جنرل سکریٹری نے موجودہ بی جے پی حکومت کو ’اہنکاری‘ (متکبر) قرار دیا اور الزام عائد کیاکہ یہ حکومت غصہ، نفرت اور منفی رجحان پھیلاتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ جب متعدد ریاستوں بشمول ایم پی، ہریانہ، پنجاب، مہاراشٹرا کے کسان احتجاجوں کے لئے دہلی پہونچے تب وزیراعظم اپنے بنگلہ سے پانچ منٹ کے لئے بھی باہر نہیں آئے کہ اُن کی شکایات کی سماعت کی جائے۔ اب وہ کسان سمان یوجنا کو بڑھا چڑھا کر پیش کررہے ہیں اور 6 ہزار روپئے سالانہ کا وعدہ کررہے ہیں۔ جب کانگریس نے حکومت سے کہاکہ کسانوں کے قرضے معاف کئے جائیں تب کہا گیا کہ حکومت کے پاس رقم نہیں ہے۔