اسلام آباد 8 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج ہندوستان پر الزام عائد کیاکہ وہ پاکستان کو غیر مستحکم کررہا ہے۔ دہشت گردوں کو مالیہ فراہم کررہا ہے اور عسکریت پسندی کی تائید کررہا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان پر دہشت گردی کی پیداوار اور اسے برآمد کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ اس پر بطور ردعمل پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان نفیس ذکریا نے اپنی ہفتہ وار پریس کانفرنس میں کہاکہ ہندوستان عسکریت پسندی کی تائید کرتے ہوئے پاکستان کو غیر مستحکم کررہا ہے۔ انھوں نے کہاکہ کلبھوشن (جادؤ) کا اعترافی بیان اس بات کا ثبوت ہے کہ ہندوستان پاکستان میں مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ انھوں نے ہندوستان کے مبینہ جاسوس کا حوالہ دیا جسے پاکستان کے علاقہ بلوچستان میں گرفتار کیا گیا ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم نواز شریف نے کہاکہ کلبھوشن کے مسئلہ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اٹھایا جائے گا اور ہندوستان کے کشمیر میں مظالم کو اُجاگر کیا جائے گا۔