اسلام آباد ۔ 27 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی آبی حدود میں داخل ہونے والے 29 ہندوستانی مچھیروں کو آج پاکستانی حکام نے گرفتار کرلیا۔ میریٹائم سیکوریٹی ایجنسی (MSA) کے عہدیداروں نے اپنی معمول کی گشت کے دوران ہندوستانی مچھیروں کو گرفتار کیا اور اُن کی پانچ کشتیاں بھی ضبط کرلیں۔ دریں اثناء ایکسپریس نیوز ٹی وی نے میریٹائم سیکوریٹی ایجنسی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گرفتاری کے وقت ہندوستانی مچھیرے مبینہ طورپر 10 کیلومیٹر تک پاکستانی آبی حدود میں داخل ہوگئے تھے اور یہ کوئی اپنی نوعیت کاپہلا واقعہ نہیں ہے ۔ پاکستانی میری ٹائم سیکوریٹی ایجنسی کے عہدیدار اکثر و بیشتر ہندوستانی مچھیروں کو گرفتار کرکے اُن کی کشتیاں ضبط کرلیتے ہیں لیکن جاریہ سال مئی میں پاکستان نے 151 ہندوستانی مچھیروں کو اُس وقت آزاد کیا تھا جب ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی کی حلف برداری تقریب میں وزیراعظم نواز شریف شرکت کرنے والے تھے ۔ یہاں اس بات کاتذکرہ دلچسپ ہوگا کہ ہندوستانی مچھیروں کو صرف پاکستانی حکام کی جانب سے ہی نہیں بلکہ سری لنکائی بحریہ کی جانب سے بھی گرفتار کئے جانے کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں خصوصی طورپر ٹاملناڈو کے مچھیروں کی گرفتاری پر اس معاملہ کو وزیراعلیٰ جیہ للیتا نے سابق وزیراعظم منموہن سنگھ سے بھی رجوع کیا تھا ۔