پاکستان نے 163ماہی گیر رہا کردیئے

کراچی ۔2اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے آج 163ہندوستانی ماہی گیروں کو خیرسگالی کے اظہار کے طور پر ایک مقامی جیل سے رہا کردیا ۔وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعظم ہند کے درمیان روس میں ملاقات کے دوران اس بارے میں بات چیت ہوئی تھی ۔ ماہی گیر وں میں ایک 11سالہ لڑکا اور 162بالغ ماہی گیر شامل ہیں ۔ انہیں واگھا سرحد منتقل کر کے ہندوستانی عہدیداروں کے حوالے کردیا جائے گا ۔ محروس افراد کو خیرسگالی کے اظہار کے طور پر رہا کیا جارہا ہے ۔ جیل کے ایک عہدیدار نے کہا کہ دونوں ممالک نے فیصلہ کیا ہے کہ ایک دوسرے کے قید ماہی گیروں کو ان کی کشتیوں کے ساتھ اندرون 15دن انسانی بنیادوں پر رہا کردیا جائے گا ۔