نئی دہلی31مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ جموں و کشمیر میں جھڑپوں کے دوران دہشت گردوں کو شہ دینے کے لئے پتھر پھینکنے والے نوجوانوں کو منصوبہ بند حکمت عملی کے تحت پاکستان سے سوشل میڈیا کے ذریعے بھڑکایا جا رہا ہے اور ملک کے نوجوانوں کو اس بہکاوے میں نہیں آنا چاہئے ۔ لوک سبھا میں وقفہ صفر میں ترنمول کانگریس کے سوگت رائے نے جموں و کشمیر میں دہشت گردوں کے ساتھ تصادم کے وقت نوجوانوں کو ان کے گھروں میں رہنے کے ریاستی پولیس ڈائریکٹر جنرل کے مشورہ سے متعلق معاملہ اٹھائے جانے پر راجناتھ سنگھ نے کہا کہ وہاں نوجوانوں کو پاکستان سے فیس بک اور واٹس ایپ کے ذریعے بھڑکایا جا رہا ہے ۔ کچھ نوجوان اس بہکاوے میں آ جاتے ہیں اور تصادم کے دوران دہشت گردوں کو نکالنے کے لئے سکیورٹی فورسز پر پتھراؤ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے دراندازی اور وہاں سے کی جانے والی دہشت گردی کے ساتھ ساتھ ہمارے نوجوانوں کو بھی اب گمراہ کیا جا رہا ہے ، اس لئے ہمارے نوجوانوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے چلائی جا رہی پاکستان کی سازش میں نہیں پھنسنا چاہئے ۔ انھوں نے کہاکہ پاکستان سے کچھ فیس بک اور واٹس ایپ گروپ چلائے جا رہے ہیں جو صرف کشمیری نوجوانوں کو بھڑکانے میں مصروف ہیں۔