پاکستان میں 61 ہندوستانی ماہی گیر گرفتار

کراچی۔ 21 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی سمندری حدود کی مبینہ خلاف ورزی کرنے پر 61 ہندوستانی ماہی گیروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ڈان نیوز کے مطابق میریٹائم سیکورٹی ایجنسی نے کارروائی کے دوران ماہی گیروں کی گیارہ کشتیاں بھی قبضے میں لے لیں۔گرفتار کردہ ماہی گیروں کو ڈاک خانے منتقل کرکے ایک مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔ ماہی گیروں کا کہنا ہے کہ وہ غلطی سے پاکستانی آبی حدود میں داخل ہوگئے اور انہیں معاف کردیا جائے۔ ہندوستان اور پاکستان ایک دوسرے کے ماہی گیروں پر سمندری حدود کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کرتے رہتے ہیں جبکہ دونوں ممالک میں ایک دوسرے کے متعدد ماہی گیر جیلوں میں بند ہیں۔ سر کریک میں سمندری حدود کی درست انداز میں حد بندی ہنوز نہیں ہوسکی ہے۔