اسلام آباد ، 11 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں ڈرون حملوں کے خلاف سرگرم ایک سرکردہ کارکن کریم خان راولپنڈی سے اچانک ’لاپتہ‘ ہو گئے ہیں۔ انھیں آئندہ چند روز میں کئی یورپی ملکوں میں پارلیمانی ارکان کے سامنے بیانات دینا تھے۔ ان کی اچانک گمشدگی کی اطلاع ان کے وکیل نے پیر کے روز دی اور دعویٰ کیا کہ کریم خان کو مبینہ طور پر پاکستانی خفیہ اداروں نے اغوا کیا ہے۔ کریم کے وکیل شہزاد اکبر کے بقول انھیں 5 فروری کو سکیورٹی پرسونل ان کے گھر سے اٹھا کر لے گئے۔ کریم کا ایک بھائی اور ایک نوجوان بیٹا ڈسمبر 2009ء میں ڈرون حملے میں ہلاک ہوئے تھے۔ کریم نے ڈرون حملوں پر پاکستانی حکومت کے خلاف مقدمہ بھی دائر کر رکھا ہے، جس کی اگلی سماعت آج منگل کو مقرر ہے۔ کریم خان کو جرمنی، ہالینڈ اور برطانیہ میں پارلیمانی ارکان کی بریفنگ کیلئے گزشتہ ہفتہ کو یورپی دورے پر جانا تھا۔