پاکستان میں پولیو متاثرین کی تعداد 295 ہوگئی

اسلام آباد ۔ 27ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان میں پولیو کے چار نئے واقعات کا پتہ چلا ہے جس کے ساتھ ہی اس ملک میں پولیو کے متاثرین کی تعداد 295 تک پہونچ گئی ہے ۔ وفاقی محکمہ صحت کے مطابق پشاور میں دو اور خیبر ایجنسی میں ایک مریض کا پتہ چلا ہے ۔ بلوچستان کے قلعہ عبداﷲ ضلع سے بھی ایک مریض کا پتہ چلا ہے ۔ 2014 ء پاکستان میں انسداد پولیو پروگرام کیلئے انتہائی مشکل ترین سال ثابت ہوا ہے کیونکہ توثیق شدہ مریضوں کی تعداد 300 کے قریب پہونچ گئی ہے جو 1999 ء کے بعد سب سے زیادہ ہے ۔ پولیو متاثرین کے اعتبار سے پاکستان گزشتہ چھ ماہ سے ساری دنیا میں سرفہرست ہے کیونکہ دنیا بھر کے پولیو کے 85 فیصد مریض اس ملک سے تعلق رکھتے ہیں۔ افغانستان 23 مریضوں کے ساتھ دوسرے اور نائجیریا چھ کیسیس کے ساتھ تیسرے مقام پر ہے ۔ پاکستان کے اکثر حصوں بالخصوص قبائیلی علاقوں میں انسداد پولیو مہم چلانا انتہائی دشوار ہے کیونکہ ایسے اکثر مقامات پر طالبان کاکنٹرول ہے جو یہ الزام عائد کررہے ہیں کہ مغربی ممالک کی پولیو مہم کے بہانہ مسلمانوں کی قوتِ تولید کو ختم کررہی ہے ۔