پاکستان میں مزید 7 دہشت گردوں کو پھانسی، جملہ تعداد 17 ہوگئی

اسلام آباد ۔ 13 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) منگل کو پاکستان میں سزائے موت پانے والے مزید 7 قیدیوں کی سزاء پر عمل آوری کردی گئی۔ اس طرح گذشتہ سال ڈسمبر سے اب تک پھانسی پر لٹکائے جانے والے قیدیوں کی جملہ تعداد 17 ہوگئی۔ کراچی، سکر، فیصل آباد اور راولپنڈی میں پھانسیاں دی گئیں۔ ڈان آن لائن نے یہ اطلاع دی جن کے نام بہرام خاں، شاہد حنیف، محمد طلحہ، خلیل احمد، ذوالفقار علی، مشتاق احمد اور نوازش علی بتائے گئے ہیں۔ بہرام خان نے اپریل 2003ء میں سندھ ہائی کورٹ میں ایک وکیل کو قتل کردیا تھا۔ شاہد حنیف، محمد طلحہ اور خلیل احمد کو جولائی 2001ء میں وزارت دفاع کے ایک سینئر عہدیدار کو قتل کرنے کراچی کی ایک انسداد دہشت گردی عدالت نے قصوروار پایا تھا۔ ذوالفقار علی القاعدہ سے وابستہ تھا اور کراچی میں امریکی قونصل خانے کے قریب دو پولیس اہلکاروں کو قتل کرنے کا ملزم تھا جبکہ مشاق احمد اور نوازش علی کو 2003ء میں اس وقت کے صدر پرویز مشرف کو قتل کرنے کی کوشش کا ملزم قرار دیا گیا تھا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ایک بار پھر ضروری ہیکہ گذشتہ سال 16 ڈسمبر کو پشاور کے آرمی اسکول میں طالبان حملے کے بعد جس میں 140 افراد جن میں اکثریت طلباء کی تھی، جان بحق ہوگئے تھے، حکومت پاکستان نے سزائے موت پر عائد امتناع برخاست کردیا تھا اور اس کے بعد سے اب تک 17 ملزمین کو پھانسی کے تختہ پر لٹکایا جاچکا ہے۔