پاکستان میں مزید 4 قیدیوں کو پھانسی ، جملہ تعداد 85 ہوگئی

اسلام آباد۔ 22 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں صرف ایک روز قبل ہی ایک ساتھ 17 قیدیوں کو پھانسی پر لٹکایا گیا تھا اور اس سلسلے کو مزید دراز کرتے ہوئے آج مزید 4 قیدیوں کو پھانسی کے تختہ پر لٹکا دیا گیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال ڈسمبر میں پشاور کے ملٹری اسکول میں طالبان کے ذریعہ کئے گئے خونریز حملوں میں 150 افراد جان بحق ہوگئے تھے جن میں اکثریت معصوم طلباء کی تھی۔ اس خونریز واقعہ کی عالمی سطح پر مذمت کی گئی تھی جس کے بعد حکومت پاکستان نے ملک میں سزائے موت پر عائد امتناع کو برخاست کردیا تھا اور سزائے موت پانے والے تمام قیدیوں کو یکے بعد دیگرے پھانسی پر لٹکانے کا عمل شروع ہوگیا تھا۔ تازہ ترین پھانسی صوبہ پنجاب کی مختلف جیلوں میں دی گئی۔

رضوان اور معظم خان کو لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں تختہ دار پر لٹکایا گیا۔ رضوان نے 2006ء میں 6 افراد کا قتل کیا تھا، جبکہ معظم خان نے 1995ء میں ایک شخص کا قتل کیا تھا۔ ان کے علاوہ بہاولپور جیل میں محمد نذیر نامی قیدی کو 2001ء میں ایک شخص کا قتل کرنے کی پاداش میں پھانسی پر لٹکایا گیا اور 2001ء میں ہی ایک پولیس کانسٹبل کو قتل کرنے کے جرم میں ماہیوال سنٹرل جیل میں مزید ایک قیدی کو پھانسی پر لٹکایا گیا۔ اس طرح پاکستان میں سزائے موت پر سے امتناع برخاست کرنے کے بعد اب تک پھانسی پر لٹکائے گئے قیدیوں کی جملہ تعداد 85 ہوگئی۔ کل جن 17 قیدیوں کو پھانسی دی گئی تھی، وہ کسی بھی ملک کی تاریخ میں ایک ہی دن میں دی جانے والی پھانسی کی سزا کا ایک نیا عالمی ریکارڈ ہے۔ قبل ازیں صرف دہشت گردی میں ملوث سزائے موت پانے والوں کو پھانسی کا مستوجب قرار دیا گیا تھا تاہم 10 مارچ کو ترمیم کرتے ہوئے ان تمام قیدیوں کے لئے پھانسی کی سزا لازمی قرار دی گئی جنہیں دہشت گردی کے علاوہ دیگر کسی بھی جرم میں سزائے موت سنائی جاچکی ہے۔ پاکستان میں زائد از 7,000 ایسے قیدی جنہیں موت کی سزا سنائی جاچکی ہے، پھانسی پر عمل آوری کے منتظر ہیں۔ پھانسی کی سزا کی تائید کرنے والوں کا کہنا ہے کہ صرف اسی طرح دہشت گردی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے جبکہ انسانی حقوق گروپس سزائے موت کے سخت مخالف ہیں۔ ان کا ادعا ہے کہ پاکستان میں نظام انصاف نقائص سے پُر ہے جہاں قیدیوں کو تشدد اور اذیتوں کا نشانہ بناتے ہوئے ان سے ان جرائم کا بھی اعتراف پولیس اہلکار کروالیتے ہیں جن کا ارتکاب انہوں نے سِرے سے کیا ہی نہیں۔

شمالی وزیرستان میں22دہشت گرد ہلاک
شمالی وزیرستان ۔22 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے شمالی وزیرستان میں کارروائی کرتے ہوئے 22 دہشت گردوں کو ہلاک کردیاہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔فضائی کارروائی میں 22دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔