اسلام آباد 7 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج موت کی سزا پانے والے مزید دو قیدیوں کو تختہ دار پر لٹکادیا اور اس طرح گذشتہ سال ڈسمبر میں سزائے موت پر عائد امتناع برخاست کئے جانے کے بعد پھانسی پر لٹکائے گئے قیدیوں کی جملہ تعداد 68 ہوگئی ہے ۔ دونوں قیدیوں کو صوبہ پنجاب میں پھانسی دی گئی ۔ یاد رہے کہ گذشتہ سال ڈسمبر میں طالبان کے ذریعہ پشاور کی ایک فوجی اسکول پر کئے گئے خونریز حملے میں زائد از 150 افراد جاں بحق ہوگئے تھے جن میںاکثریت طلباء کی تھی۔ اس واقعہ کی دنیا بھر میں مذمت کی گئی تھی جس کے بعد حکومت پاکستان نے ایک انتہائی اہم فیصلہ کرتے ہوئے سزائے موت پر عائد امتناع برخواست کردیا تھا تا کہ دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جاسکے تاہم جاریہ سال 10 مارچ کو اس میںمزید ترمیم کرتے ہوئے صرف دہشت گردوں کو ہی نہیں بلکہ کسی بھی جرم کے ارتکاب میں سزائے موت پانے والے قیدیوں کو پھانسی پر لٹکانے کا قانون منظور کیا گیا ۔