پاکستان میں مزید ایک مجرم کو پھانسی دیدی گئی

احیاء سزائے موت کے بعد 20 ویں مجرم پر تعمیل
لاہور ۔ 17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پشاور اسکول پر دہشت گرد حملے کے بعد پھانسی کی سزا پر تعمیل کے احیاء کے ساتھ ہی پاکستان میں تاحال 20 مجرمین کو پھانسی پر لٹکا دیا گیا ہے جو گزشتہ کئی سال سے مختلف جیلوں میں قید تھے۔ لاہور سنٹرل جیل میں قید اکرام الحق عرف لاہوری کو ہفتہ کے روز پھانسی دے دی گئی ہے۔ اکرام الحق کو لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں ہفتے کی صبح پھانسی دی گئی۔اکرام الحق کو شور کوٹ میں 2001 میں نیئر عباس کو قتل کرنے کے جرم میں پھانسی کی سزا سنائی گئی تھی۔اکرام الحق کو 8 جنوری کو پھانسی دی جانی تھی تاہم اکرام الحق اور نیئر عباس کے لواحقین میں صلح نامہ ہونے کے باعث پھانسی ملتوی کر دی گئی تھی۔سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے اکرام الحق اور نیئر عباس کے لواحقین میں صلح نامے کو مسترد کرتے ہوئے پھانسی پر عملدرآمد کا حکم سنایا۔پاکستان کی مختلف عدالتوں میں اکرام الحق کی اپیلیں مسترد ہو چکی تھیں جس کے بعد صدر مملکت نے بھی ان کی رحم کی اپیلیں مسترد کر دی تھیں۔کوٹ لکھپت جیل میں پھانسی کے موقعے پر جیل اور اطراف میں سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔