واشنگٹن ۔ 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے سرکردہ جاسوس عہدیدار نے کہا ہیکہ بین الاقوامی سطح پر ممنوعہ لشکرطیبہ کو پاکستان بدستور اپنی سرزمین پر محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرتا رہے گا۔ اس کا یہ اقدام ہندوستان کے ساتھ تعلقات میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ امریکی نیشنل انٹلیجنس کے ڈائرکٹر جیمس کلیپر نے سینٹ کی مسلح خدمات کمیٹی میں ’’عالمی خطرات کے بارے میں امریکی انٹلیجنس برادری کے ختمینہ‘‘ کے زیرعنوان اپنے بیان میں کہا کہ ’’پاکستان کی جانب سے لشکرطیبہ کو محفوظ پناہ گاہوں کی فراہمی ہندوستان کے ساتھ اس (پاکستان) کے تعلقات میں بدستور ایک کلیدی رکاوٹ کی حیثیت سے برقرار رہے گی‘‘۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان غالباً اقتصادی اصلاحات پر عمل آوری جاری رکھے گا اور وہ پاکستان کے مخالف عسکریت پسندوں کو نشانہ بناتا رہے گا۔ جیمس کلیپر نے کہا کہ ’’(پاکستان کے) وزیراعظم (نواز) شریف نے معیشت، توانائی اور سیکوریٹی کے مسائل پر جو وعدے کئے تھے وہ عوامی توقعات پر پوری نہیں اترے ہیں۔ مزید برآں ان کی ساکھ اس وقت مزید کمزور ہوگئی جب 2014ء کے دوران انہوں نے فوج کو اپوزیشن کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا‘‘۔ ڈائرکٹر دفاعی انٹلیجنس لیفٹننٹ جنرل ونسنٹ اسٹیورٹ نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں پاکستانی فوجی کارروائی کے نتیجہ میں گنجان آبادی والے علاقوں سے مخالف ملک عسکریت پسند سرگرمیوں میں بڑی حد تک صفایا ہوگیا ہے۔