پاکستان میں سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 274ہوگئی

اسلام آباد ، 13ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں شدید بارش کی وجہ سے آئے سیلاب میں اب تک 274 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے جبکہ جزوی طورپر متاثرہ افراد کی تعداد 20 لاکھ بتائی گئی ہے۔ حکام کے مطابق گزشتہ ہفتہ پاکستان میں شدید بارش کا سلسلہ شروع ہوا تھا بعد ازاں بارش تو رک گئی لیکن حیرت انگیز طورپر سیلاب نے جس طرح لوگوں کو مصائب سے دوچار کیا ہے اس کی ماضی قریب میں نظیر نہیں ملتی ۔ دریں اثناء نیشنل ڈیساسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی (NDMA) کی ریما زبیری نے بتایا کہ پنجاب میں 191 افراد ، پاکستان مقبوضہ کشمیر میں 66 اور 14 افراد کے گلگت علاقہ میں ہلاک ہونے کی اطلاع ہے ۔ دریائے چناب اس وقت زبردست طغیانی پر ہے۔ ملتان شہر میں بھی سیلاب کی تباہ کاریوں سے جانی اور مالی نقصان ہوئے ہیں لیکن دریا کے بہاؤ کا رخ موڑنے کیلئے عہدیداروں کی جانب سے بروقت رکاوٹیں کھڑی کرنے کی وجہ سے انسانی جانوں کا زائد اتلاف نہیں ہوا۔