سیالکوٹ۔ 07ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سیلابی ریلوں نے سیالکوٹ، گجرات، گجرانوالا سمیت پنجاب کے مختلف شہروں اور دیہاتوں میں تباہی مچا دی، ہیڈخانکی، قادرآباد اور ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ ہیڈ مرالہ پر پانی کی سطح 9 لاکھ کیوسک ہونے سے متبادلہ حفاظتی بند توڑ دیا گیا جس سے گجرات کے مزید 36 سے زائد دیہات زیر آب آ گئے دریائے چناب کے سیلاب نے ہر طرف تباہی مچا دی ہے، سیکڑوں دیہات زیر آب آگئے، کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں اور ہزاروں لوگ بے گھر ہو گئے ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی جانب سے امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔ جس میں ہیلی کاپٹرز اور کشتیاں بھی استعمال کی جا رہی ہیں۔ دریائے چناب کا پانی وزیر آباد شہر میں بھی داخل ہو گیا ہے۔ حافظ آباد میں بھی سیلابی پانی 70سے زائد دیہات میں داخل ہو گیا ہے۔ ننکانہ صاحب میں بھی دس دیہات زیر آب آ گئے، دریائے جہلم میں بھی انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے، چالیس ہزار سے زائد ایکڑ رقبے پر فصلیں بھی تباہ ہو گئی ہیں۔ دریائے ستلج بھی بپھرا ہوا ہے، پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے باعث قصور، پاکپتن، اور وہاڑی کے درجنوں دیہات کو خالی کرا لیا گیا ہے۔