پاکستان میں سیاسی تعطل برقرار، بات چیت جاری

اسلام آباد ۔ 8 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں سیاسی تعطل آج بھی جاری رہا اور عمران خان اپنے اس مطالبہ پر مصر ہیں کہ وزیراعظم نواز شریف کو مستعفی ہونا چاہئے۔ دوسری طرف حکومت اور احتجاجیوں کے مابین مذاکرات بامقصد مرحلہ میں داخل ہوچکی ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پارلیمنٹ کے باہر اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے مستعفی ہونے تک وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔ انہوں نے پارٹی قائدین سے کہا کہ وہ اس احتجاج میں زیادہ سے زیادہ عوام کو شامل کریں۔ دوسری طرف پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری بھی عمران خان کیمپ سے قریب ہوتے جارہے ہیں۔ ان کے حامیوں نے پارلیمنٹ کے پارکنگ مقام کا تخلیہ کردیا اور اب کنسٹیٹیوشن ایوینیو کے قریب دھرنا دے رہے ہیں۔ حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے مابین کل اسلام آباد میں مذاکرات کا ایک اور دور ہوا۔ دونوں فریقین نے یہ دعویٰ کیا کہ بات چیت میں پیشرفت ہوئی ہے لیکن بعض اہم مسائل کو ہنوز حل نہیں کیا جاسکا۔