امرتسر۔22 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک ہندوستانی شہری جو 10روزہ یاترا کیلئے سکھ گروپ کے ساتھ 12اپریل کو پاکستان گیا تھا ‘ ہندوستان واپسی ہونے سے قاصر رہا ۔ یہ گروپ کل 24سالہ امرجیت سنگھ کے بغیر ہندوستان واپس ہوگیا ۔ وہ نرنجن پورہ امرتسر ضلع کا ساکن تھا ۔ بیساکھی تہوار میں شمولیت اور مختلف سکھ گردواروں پر متھا ٹیکنے کے بعد یہ گروپ ہندوستان واپس ہوگیا ۔ امرجیت سنگھ گروپ کے ساتھ 12اپریل کو پاکستان پہنچا تھا لیکن واپسی میں اس گروپ کے ساتھ واپس نہیں آیا بلکہ لاپتہ ہوگیا ۔ اس کے لاپتہ ہونے کے بارے میں اس وقت معلوم ہوا جب کہ گروپ واپسی کی تیاریاں کررہا تھا کیونکہ انہیں ویزا کی مدت ختم ہونے سے پہلے وطن واپس ہونا ضروری تھا ۔امرجیت سنگھ کے لاپتہ ہونے کا پتہ اُس وقت چلا جب کہ گروپ واپسی کی تیاری کررہا تھا ۔ اس سلسلہ میں کوئی ایف آئی آر بھی درج نہیں کروائی جاسکی ۔ ابتدائی تحقیقات کے بموجب وہ لاہوں پہنچنے کے بعد ننکانہ صاحب سے لاپتہ ہوگیا ۔