کراچی۔30 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) کراچی کے سول اسپتال سے ایک ہندو ڈاکٹر کی لاش برآمد کی گئی۔پولیس کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر کی لاش اسپتال کے سرجیکل یونٹ سے پْراسرار حالت میں ملی، جہاں وہ رات دیر گئے اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے۔عیدگاہ تھانے کے ایس ایچ او نعیم الدین کا کہنا تھا کہ 32 سالہ ڈاکٹر انیل کمار کی لاش سرجیکل وارڈ کے انتہائی نگہداشت یونٹ سے ملی۔پولیس عہدیدار کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر انیل کمار رات 5 بج کر 30 منٹ پر سرجیکل وارڈ کے آئی سی یو میں اپنی ڈیوٹی انجام دینے کیلئے داخل ہوئے، تاہم صبح 8 بج کر 15 منٹ پر ان کی لاش وہاں سے برآمد ہوئی۔ پولیس نے کہا کہ صبح دستک دینے پر ڈاکٹر نے کوئی جواب نہ دیا تو کمرے کا دروازہ توڑا گیا، جہاں ان کی لاش کرسی پر موجود تھی۔ انھوں نے بتایا کہ لاش کے قریب سے ایک انجیکشن بھی ملا ہے۔ ایس ایچ او نے انکشاف کیا کہ ڈاکٹر انیل کمار نے اپنے ایک ہاتھ پر انجیکشن لگایا تھا جس پر پٹی بندھی ہوئی تھی۔لاش کو ہسپتال کے مردہ خانے منتقل کیا گیا تاکہ ان کی موت کی وجہ معلوم کرنے کیلئے لاش کا پوسٹ مارٹم کیا جاسکے۔