پاکستان میں زلزلہ سے 25 ہزار سے زائد مکانات تباہ

سوات ۔ 30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارہ این ڈی ایم اے کے مطابق گذشتہ پیر کو آئے شدید زلزلہ کے نتیجہ میں ملک بھر میں 25 ہزار سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ این ڈی ایم اے کے تازہ اعداد وشمار کے مطابق کل 25367 مکانات مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہوئے ہیں۔ پیر کو آئے 7.5 شدت کے اس زلزلہ میں ہونے والی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 272 ہے جبکہ 2152 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زلزلہ سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے صوبہ خیبر پختونخواہ میں 15692 مکانات اور 155 سکولوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ صوبے میں ہلاکتوں کی کل تعداد 255 ہے۔ صوبہ خیبر پختونخواہ میں 1802 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ این ڈی ایم اے کے مطابق خیبر پختونخواہ میں سے سے زیادہ مکانات سوات میں تباہ ہوئے ہیں جن کی تعداد 3681 ہے۔سب سے زیادہ ہلاکتیں ضلع شانگلہ میں ہوئیں جہاں 50 افراد ہلاک ہوئے۔ چترال سے 32 ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے تاہم وہاں کی مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 37 ہے اور متعدد غیرپختہ بستیاں مکمل طور پر منہدم ہو چکی ہیں۔قبائلی علاقہ فاٹا میں بھی تباہی ہوئی ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 30 ہوگئی ہے۔ سب سے زیادہ باجوڑ ایجنسی متاثر ہوئی جہاں 23 ہلاکتیں ہوئیں اور 8120 مکانات تباہ ہوئے۔