اسلام آباد 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے سزائے موت پانے والے قیدیوں کو پھانسی دینے کا سلسلہ جاری رکھا ہے اور آج ایک مزید قیدی کو پھانسی پر لٹکادیئے جانے کے بعد پھانسی پانے والے مجرمین کی جملہ تعداد 62 ہوگئی۔ فیصل آباد کی سنٹرل جیل میں محمد افضل نامی مجرم کی سزائے موت پر عمل آوری کی گئی جو گزشتہ 20 سال سے سزائے موت کا منتظر تھا۔ 1995 ء میں اُس نے ایک شخص کا قتل کیا تھا اور اُسی سال اُسے سزائے موت سنائی گئی تھی۔ سزائے موت کے خلاف اُس نے ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں اپیلیں داخل کی تھیں جنھیں مسترد کردیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ پشاور میں گزشتہ سال طالبان کے ذریعہ ایک ملٹری اسکول پر حملہ کرنے اور زائداز 150 افراد جن میں اکثریت طلباء کی تھی، کو ہلاک کرنے کے دلدوز واقعہ کے بعد ملک میں سزائے موت پر عائد امتناع برخاست کردیا گیا تھا۔ تاہم 10 مارچ کو اُس میں مزید تبدیلی کرتے ہوئے صرف دہشت گردی سے مربوط مجرمین ہی نہیں بلکہ قتل اور دیگر معاملات میں سزائے موت پانے والے مجرمین کو بھی مستوجب پھانسی قرار دیا گیا تھا۔