ہندوستان کا اقدام ، وزیر خارجہ سشما سوراج کا راجیہ سبھا میں ایک سوال کے جواب کے دوران بیان
نئی دہلی19جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان اور پڑوسی ملک میں اقلیتوں کی مسلسل حالت زار اور ان کے ساتھ بدسلوکی کے معاملہ کو ہندستان نے اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل میں اٹھایا ہے ۔وزیر خارجہ سشما سوراج نے راجیہ سبھا میں ایک سوال کے جوا ب میں آج بتایا کہ پڑوسی ممالک پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان میں اقلیتوں کے ساتھ تشدد ، استحصال اور دیگر بدسلوکی کی خبریں اکثر آتی ہیں۔ ان میں قتل، استحصال، خوفزدہ کرنا ، دھمکانا، اغوا ، جبراََ مذہب تبدیل کرانا، مذہبی مقامات کو ناپاک کرنا، توڑ پھوڑ اور اقلیتوں کے کاروباری اداروں کو نقصان پہنچانا شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہندستان کے لئے یہ واقعات تشویش کا موضوع ہیں اور متعلقہ ممالک کے ساتھ دو طرفہ میٹنگوں میں انہیں اٹھایا جاتا ہے ۔محترمہ سوراج نے کہاکہ ایسے معاملات نہ صرف اٹھائے جاتے ہیں بلکہ انہیں منطقی نتائج تک پہنچایا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بنگلہ دیش کی حکومت اقلیتوں پر حملوں کو سنگین مانتی ہے اور مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کی ہے ۔ اس کے علاہ افغانستان نے بھی اقلیتوں کی سلامتی کے لئے اقدام کئے جانے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔