ممبئی ۔28فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) شیوسینا نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر ہندوستان کی طرف سے حملہ جاری رہنا چاہیئے ۔ شیو سینا پارٹی کے ترجمان اخبار ’’ سامنا ‘‘ کے چہارشنبہ کے اداریہ میں لکھا ہے کہ ہندوستانی فوجیوں کا خون سستا نہیں اور ان کے ذریعہ بہائے گئے خون کی ایک ایک بوند کا حساب پاکستانی دہشت گردوں کو چکانا پڑے گا ۔ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردوں کے کئی اڈے ہیں ۔ پاکستان حکومت اور آئی ایس آئی کی اجازت کے بغیر وہاں دہشت گردوں کے اڈے چل نہیں سکتے ۔ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کہتے ہیںکہ پلوامہ میں ہوئے حملے میں ان کا کوئی ہاتھ نہیں ہے تو بالاکوٹ میں اتنی بڑی تعداد میں دہشت گردوں کے اڈے سرکاری مدد سے چل رہے ،کیا ثقافتی ورک شاپ تھے ۔ داؤد اور اظہر مسعود جیسے دہشت گرد پاکستان کی سرزمین پر ہیں ۔ اسامہ بن لادن بھی پاکستان میں تھا جسے امریکہ نے پاکستان میں گھس کرمارا تھا ، اسی طرح اظہر مسعود کو بھی جب تک مارا نہیں جائے گا انتقام پورا نہیں ہوگا ۔ دنیا کے نقشہ سے پاکستان کو مٹائے بغیر امن قائم نہیں ہوگا ۔ پاکستان جیسے ملک ہندوستان ہی نہیں پوری دنیا کیلئے خطرناک ثابت ہوئے ہیں ۔