واشنگٹن ۔ 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی ایشیائی امور کے ماہر دو امریکی عہدیداروں نے اپنے قانون سازوں سے کہا ہیکہ پاکستان اگر اپنی سرزمین سے کارروائیاں کرنے والے مخالف ہند دہشت گرد گروپوں کے خلاف اپنے عزم اور وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوجاتا ہے تو امریکہ اس صورت میں پاکستان کو ہندوستان کے کسی خطرہ کے خلاف پاکستان کو اطمینان کا تیقن نہیں دے سکتا۔ کارنیگی اینڈومنٹ برائے بین الاقوامی امن میں مطالبات کے نائب صدر جارج پرکووچ نے کانگریس میں اپنا بیان دیتے ہوئے کہا کہ ’’اگر پاکستان خود ہندوستان کو نشانہ بنانے والے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کیلئے اپنے عزم اور وعدہ کا پابند نہیں رہے گا تو امریکہ بھی اس کو دوبارہ تیقن نہیں دے سکتا کیونکہ غالباً مزید کوئی ایسی بات باقی نہیں رہے گی کہ ہم اس کے بارے میں پاکستان کو دوبارہ یقین دلاسکتے ہیں کیونکہ بذات خود یہی ایک اہم مسئلہ بھی ہے‘‘۔ پرکووچ نے ارکان کانگریس کے مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’ایک اچھی خبر یہی ہیکہ ہندوستان کو اب کسی پاکستانی علاقہ یا پھر پاکستان کی کسی چیز کی کوئی خواہش نہیں ہے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہندوستان میں پاکستانی جارحیت یا ہندوستان میں دہشت گردی کے جواب میں یہی اس (پاکستان) کو ہندوستان سے خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔