نئی دہلی ؍ جئے پور ۔ 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اعلیٰ سرکاری ذرائع نے کہا ہیکہ پاکستان سے راجستھان میں پہنچنے والے ایک امریکی ساختہ ہوائی غبارہ کو سکھوئی ۔ 30 لڑاکا طیارہ نے مار گرایا جو سمجھا جاتا ہیکہ جوابی کارروائی کیلئے ہندوستان کی طرف سے لئے جانے والے وقت کا اندازہ لگانے یہ کوشش کی گئی تھی۔ وزارت دفاع نے وزارت امورخارجہ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اس واقعہ سے واقف کیا ہے۔ راجستھان کے ضلع جیسلمیر میں تقریباً 25000 فیٹ کی بلندی پر تین میٹر قطر کا ایک چمکدار غبارہ اڑتا ہوا دیکھا گیا جس پر ’ہیپی برتھ ڈے‘ (سالگرہ مبارک) درج تھا کہ یوم جمہوریہ تقاریب کے دوران انتہائی سخت چوکسی اختیار کرنے والے ایرفورس کے راڈرس نے اس کا پتہ چلا لیا۔ وزیردفاع منوہر پاریکر نے گذشتہ روز کے واقعہ کے بارے میں ایک سوال پر زیادہ تفصیلات بتائے بغیر کہا کہ ’’ہمارے راڈرس میں ایک چمکدار اڑتی ہوئی شئے کو ہمارے فضائی حدود میں داخل ہوتے ہوئے دیکھ لیا اور ایک لڑاکا طیارہ نے فوری طور پر اس کو روک لیا بعدازاں مار گرایا‘‘۔ انڈین ایرفورس نے اپنے بیان میں کہا ہیکہ انتہائی چوکسی کے سبب اس غبارہ کو مار گرایا گیا کیونکہ وہ نامعلوم اشیاء کے ساتھ پہنچ رہا تھا۔ تاہم ملبہ کے تجزیہ سے پتہ چلا کہ اس میں کوئی خطرناک مواد نہیں تھا۔