پاکستان سے ترک تعلق کی خواہش ناممکن : چدمبرم

ممبئی ۔ 22 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے ایک سینئر قائد پی چدمبرم نے پاکستان کے ساتھ مستقل روابط کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اپنے پڑوسی ملک سے ترک تعلق نہیں کرسکتا۔ انہوں نے نریندر مودی حکومت کی پاکستان کے بارے میں تغیر پذیر پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان غیرواضح پالیسی پڑوسی ملک کے ساتھ جاری نہیں رکھ سکتا۔ اسے چاہئے کہ ایک مستقل پالیسی اختیار کرے۔ فوج کے خصوصی اختیارات قانون کی تنسیخ کا مطالبہ کرتے ہوئے سابق مرکزی وزیرفینانس پی چدمبرم نے کہا کہ مودی حکومت کو لوک سبھا میں قطعی اکثریت حاصل ہے۔ چنانچہ وہ اس غیرمنصفانہ، جارحانہ، غیرانسانی اور خون آشام قانون کو منسوخ کرسکتی ہے۔ وزیراعظم اور مرکزی وزیرداخلہ اس مقصد سے دستور میں ترمیم کرسکتے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا خود بی جے پی کے ارکان اس کے مخالف ہیں۔