کشمیر میں حقوق انسانی کا احترام کرنے ہندوستان پر دباؤ ڈالنے کی خواہش
اسلام آباد ۔ /12 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے 5 مستقل ارکان پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیر کی کشیدہ صورتحال کا نوٹس لیں اور ہندوستان پر تشدد سے متاثرہ وادی میں انسانی حقوق کے احترام پر زور دیں ۔ معتمد خارجہ اعجاز احمد چودھری نے چین ، فرانس ، روس ، برطانیہ اور امریکہ کے سفیروں کو کشمیر کی صورتحال سے واقف کرایا ۔ انہوں نے وادی میں عام شہریوں کی ہلاکت اور حقوق انسانی کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش ظاہر کی ۔ معتمد خارجہ نے کہا کہ ان ہلاکتوں کے ذمہ دار افراد کے خلاف ہندوستان کو شفاف اور غیرجانبدار تحقیقات کرانی چاہئیے ۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری اور بالخصوص اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے 5 مستقل ارکان سے وادی کی صورتحال کا نوٹس لینے کی اپیل کی ۔