نئی دہلی 27 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی لیڈر مختار عباس نقوی نے آج کہا کہ پاکستان کو مسئلہ کشمیر کو سیاسی بچاؤ کا ذریعہ بنانے کی بجائے اپنے داخلی تنازعات ومسائل حل کرنے پر توجہ دینی چاہئے ۔ مختار نقوی نے کہا کہ پاکستان کو چاہئے کہ وہ مسئلہ کشمیر پر سیاست نہ کرے کیونکہ یہ پاکستان ہی ہے جہاں گلیوں میں خون ہی خون ہے ۔ ہر دوسرے دن بم دھماکے ہو رہے ہیں۔ اگر وہ اپنے داخلی مسائل حل کرنے پر توجہ دیتے ہیں تو یہ ان کے اپنے مفاد میںہی ہوگا ۔ وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے کل اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کشمیر کا مسئلہ اٹھایا تھا اور بین الاقوامی برادری سے کہا تھا کہ وہ یہ مسئلہ حل کرے ۔ انہوں نے ہند ۔ پاک معتمدین خارجہ سطح کی بات چیت کی تنسیخ پر افسوس کا اظہار کیا تھا ۔ پاکستان کے اس بیان پر ہندوستان کی وزارت خارجہ نے وضاحت کی کہ ہندوستان اس کا اقوام متحدہ ہی میں موثر جواب دے گا ۔