لاہور ۔ 23 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) صوبہ پنجاب کے احمدی فرقہ سے تعلق رکھنے والوں کی عبادت گاہوں پر توہین رسالت ؐ کے الزام میں ایک مسجد اور ایک فیکٹری کو نذرآتش کردینے کے واقعہ کے بعد سیکوریٹی میں زبردست اضافہ کردیا گیا۔ دریں اثناء وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان نے بتایا کہ فوج جہلم مستقر میں تعینات رہے گی جو لاہور سے 250 کیلو میٹر کے فاصلہ پر ہے۔ فوج کو صوبہ میں لاء اینڈ آرڈر کے معمول پر آنے تک تعینات رکھا جائے گا۔ انہوں نے حکومت پنجاب سے بھی استدعا کی ہیکہ احمدی فرقہ کی عبادتگاہوں پر سیکوریٹی بڑھائی جائے۔ انہوں نے مسجد اور فیکٹری آتشزنی کے واقعہ پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور پولیس کو ہدایت کی کہ تمام معاملات کی شفاف اور دیانتدارانہ طور پر تحقیقات کی جائے۔ کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔