پاکستان ، اقلیتوں کے خلاف ظلم و زیادتی کرنے والی سرزمین : نقوی

ہندوستان میں اقلیتوں کے ساتھ روا رکھے گئے سلوک پر عمران خاں کی تنقید کا جواب

نئی دہلی ۔ /23 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج پاکستان کے وزیراعظم عمران خاں پر شدید تنقید کی جنہوں نے ہندوستان پر الزام عائد کیا تھا کہ اس ملک میں اقلیتوں کے ساتھ خراب سلوک کیا جاتا ہے ۔ بی جے پی نے عمران خاں کے ملک کی سرزمین کو ہی اقلیتوں کے خلاف ظلم و زیادتی کی سرزمین قرار دیا ۔ جہاں 1947 ء میں اس کے وجود میں آنے کے بعد اقلیتوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے ایک ہندی ضرب المثل کا استعمال کرتے ہوئے عمران خاں کے تبصروں کا جواب دیا اور کہا کہ ’’سو چوہے کھاکر بلی حج کو چلی ‘‘کے مصداق عمران خاں کا معاملہ بھی ایسا ہی ہے ۔ پاکستان کے خلاف شدید ریمارکس کرتے ہوئے مختار عباس نقوی نے کہا کہ پاکستان میں ہندوؤں ، سکھوں اور عیسائیوں جیسی اقلیتوں کے ساتھ خراب سلوک کیا جاتا ہے ۔ 1947ء میں پاکستان کے قیام کے بعد سے یہاں 90 فیصد اقلیتیں موجود ہیں اور ان کو اسلامی بنیاد پرستوں کے چنگل میں پھانسا گیا ہے ۔ اس ملک کی حکومت کا اسلامی بنیاد پرستوں کے ساتھ گٹھ جوڑ ہونے سے اقلیتوں کو بھی دبوج کر بے بس رکھا گیا ہے ۔ پاکستان کے برعکس جہاں اقلیتوں کا قتل ہوتا ہے یا تو انہیں اسلام قبول کرنے کے لئے دباؤ ڈالا جاتا ہے یا ملک کے باہر کردیا جاتا ہے ۔ ہندوستان میں اقلیتوں کو ہر لحاظ سے آزادی حاصل ہے اور وہ یکساں طور پر ترقی کے مواقع حاصل کرتے ہیں ۔ نقوی نے زور دے کر کہا کہ پڑوسی ملک میں اقلیتوں کی تعداد پاکستان کی آبادی کا بمشکل دو یا تین فیصد ہے ۔ عمران خان کو نشانہ بناتے ہوئے نقوی نے مقبول ہندوستانی فنکاروں کے نام لئے جن میں یوسف خاں جو دلیپ کمار سے مقبول ہیں اور عامر خاں ، سلمان خاں اور شاہ رخ خاں اس طرح کئی مسلمان اب ہندوستانی تہذیب کا حصہ ہیں ۔ یہاں انہیں ہر طرح کی آزادی حاصل ہے ۔

ہندوستان ‘ دنیا کا سب سے زیادہ روادار ملک : راج ناتھ
لکھنو 23 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہ ملک میں عدم رواداری میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ دنیا میں کوئی اور ملک ہندوستان جتنا روادار نہیںہے ۔ انہوں نے یہ ریمارکس ایسے وقت کئے ہیںجبکہ دو دن قبل ہی اداکار نصیر الدین شاہ نے ملک میں بڑھتی ہوئی عدم رواداری پر تشویش کا اظہار کیا تھا اور اترپردیش میں ہجوم کے ہاتھوں ایک پولیس عہدیدار کی ہلاکت کا تذکرہ کیا تھا ۔ راج ناتھ سنگھ یہاں کنگ جارجس میڈیکل یونیورسٹی کے 114 ویں یوم تاسیس سے خطاب کیلئے آئے تھے ۔ انہوں نے میڈیا سے کہا کہ رواداری ہندوستان میں موجود ہے اور وہ نہیں سمجھتے کہ جتنی رواداری ہندوستان میں ہے وہ دنیا کے کسی اور حصے میں ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ہی دنیا میں وہ واحد ملک ہے جہاں لوگ مختلف مذاہب سے تعلق رکھتے ہیں لیکن ایک دوسرے کے ساتھ پرامن انداز میں زندگی گذارتے ہیں۔ ان افراد نے ہندوستان کو با اختیار بنانے میں اہم رول ادا کیا ہے اور آج انہیں کی وجہ سے ملک خوشحال ہے ۔