لاہور ۔30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے اپنی ٹیم کو خبردار کیا ہے کہ پہلا ٹیسٹ جیتنے کے بعد حد سے زیادہ خود اعتمادی کا شکار نہ ہو۔ایک نیوز ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے کپتان مصباح نے کہا کہ کبھی کبھی پاکستانی ٹیم کیساتھ یہ بنیادی مسئلہ ہوتا ہے کہ ایک میچ جیتنے کے بعد مطمئن ہوجاتے ہیں، ہم ایسا نہیں چاہتے، ہم چاہتے ہیں کہ بولنگ اور بیٹنگ دونوں شعبوں میں بہترین کارکردگی کو برقرار رکھیں یہ دیکھے بغیر کہ سامنے کون سی ٹیم کھیل رہی ہے۔مصباح کا کہنا تھا کہ پہلا ٹیسٹ جیت کر ہم نے ثابت کیا ہے کہ ہم میں جیتنے کی صلاحیت موجود ہے تاہم ہمیں بیٹنگ میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے، جیتنے کا موقع ہو تو اسے ہاتھ سے نہ جانے دیں اور ہمارے بولرز اس قابل ہوں کہ ٹیسٹ میچ میں 20 وکٹیں لے سکیں۔اپنی آخری سیریز کے حوالے سے مصباح کا کہنا تھا کہ یہ میرے اور یونس خان کیلئے بھی بہت اہم ہے کہ ہم یہ سیریز جیتیں کیونکہ یہ پہلی سیریز ہوگی کہ جو ہم ویسٹ انڈیز میں جیتیں۔