پاکستانی فوج کی فائرنگ ، جموں میں دیہات نشانہ، 2 زخمی

جموں ؍ سرینگر 4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پونچھ میں لائن آف کنٹرول پر واقع سرحدی چوکیوں پر شلباری کے بعد پاکستانی فوج نے مارٹر بم، چھوٹے اور خودکار ہتھیاروں سے شدید فائرنگ کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ کل رات سے جموں کے علاقہ میں جاری فائرنگ کے نتیجہ میں دو افراد زخمی ہوگئے۔ فوج نے بتایا کہ شمالی کشمیر کے گلمرگ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر کل رات جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی۔ پاکستانی رینجرس نے مارٹر بموں کے ذریعہ شلباری اور فائرنگ کرتے ہوئے سرحدی دیہاتوں کو نشانہ بنایا۔ اِس کے علاوہ بین الاقوامی سرحد کے قریب چوکیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ فائرنگ اور شلباری میں 4 سرحدی چوکیاں اور بعض دیہات متاثر ہوئے۔ اُنھوں نے بتایا کہ دو افراد اِس میں زخمی ہوگئے۔ 7 مکانات کو جزوی نقصان پہونچا۔ سرحد کی حفاظت کررہی بی ایس ایف نے پوزیشن سنبھال لی اور جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں نصف شب تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ گزشتہ 4 دن میں پاکستانی فوج کی یہ جنگ بندی کی ساتویں خلاف ورزی ہے۔