پشاور۔ 10 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی فوجی طیاروں نے عسکریت پسندوں کو دو علیحدہ علیحدہ کارروائی کے ذریعہ نشانہ بنایا جن میں کم و بیش 19 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔ یہ کارروائی افغانستان کی سرحد کے قریب انجام دی گئی۔ دریں اثناء ایک سکیورٹی عہدیدار نے بتایا کہ طیاروں نے وادی تیرّہ، اکا کھیل اور کوکی کھیل علاقوں کو نشانہ بنایا جو خیبر ایجنسی میں واقع ہے جس میں 8 عسکریت پسند ہلاک اور دیگر 15 زخمی ہوگئے جبکہ طیاروں کے حملے میں اس علاقہ میں عسکریت پسندوں کے دیگر پانچ ٹھکانوں کو بھی تباہ کردیا جہاں القاعدہ سے مربوط عسکریت پسندوں نے اپنے خفیہ ٹھکانے بنا رکھے تھے۔ سکیورٹی فورسیس نے ایک دیگر حملے میں اس علاقہ میں روپوش 11 عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا۔ فوجی طیاروں نے عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کو اس طرح نشانہ بنایا کہ ان کے لئے راہ فرار مشکل ہوگئی۔ یاد رہے کہ یہ حملے ایک ایسے وقت کئے گئے ہیں جب وزیراعظم نواز شریف کو فوج نے تیقن دیا ہے کہ شمالی وزیرستان کے بیشتر علاقے عسکریت پسندوں سے پاک ہوچکے ہیں۔ خیبر اور شمالی وزیرستان میں اب تک مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 1300 عسکریت پسند ہلاک ہوچکے ہیں۔ خیبر لشکر اسلام گروپ کے باغیوں کا ایک مستحکم ٹھکانہ ہے جو طالبان سے مربوط ہے۔