پاکستانی فضائیہ کا طیارہ ایندھن کیلئے لکھنو ایر پورٹ پر اُتر پڑا

لکھنو 26 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) ایک پاکستانی فضائیہ کا طیارہ جس میں پانچ فوجی ارکان عملہ سوار تھے آج دوپہر دیر گئے ایندھن حاصل کرنے کیلئے لکھنو ایر پورٹ پر اتر پڑا ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ہنگامی صورتحال کی بناء پر اسے یہاں اُترنے کی اجازت دی گئی تھی ۔ یہ طیارہ روالپنڈی سے روانہ ہوا تھا جسے ہندوستانی فضائیہ کے فوجی ہوائی اڈے چودھری چرن سنگھ ایر پورٹ پر ایندھن حاصل کرنے کیلئے اترنے کی اجازت دی گئی ۔ تا کہ وہ بنگلہ دیش کے ساحلی شہر چٹگانگ کا سفر کرسکے ۔ تقریبا 50 منٹ توقف اور ایندھن حاصل کرنے کے بعد یہ طیارہ دوبارہ پرواز کرگیا ۔ ضلع مجسٹریٹ راج شیکھر نے پاکستانی طیارہ کے ہندوستانی فضائیہ کے فوجی ہوائی اڈہ پر اترنے کی اطلاع کے بارے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی فضائیہ نے پاکستانی فضائیہ کی پرواز کو اترنے کی منظوری دی تھی ۔ ایر پورٹ کے ڈائرکٹر ایس سی حوتا نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ’’ٹکنیکل لینڈنگ ‘‘تھی ۔ اور ایندھن حاصل کرنے کے فوری بعد طیارہ بنگلہ دیش کے ساحلی شہر چٹگانگ روانہ ہوگیا جو اس کی منزل تھی انہوں نے کہا کہ طیارے میں پانچ فوجی سوار تھے تاہم طیارے کی نوعیت یا اس میں کیا اشیاء منتقل کی جارہی تھیں ان کے بارے میں تفصیلات حاصل نہیں ہوسکیں ۔ پاکستانی فوجی طیارے کی ہندوستانی فوجی ہوائی اڈے پر لینڈنگ ایک غیر معمولی واقعہ ہے ۔