اسلام آباد 26 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)پاکستانی ذرائع ابلاغ نے آج صدر امریکہ بارک اوباما کے دورہ ہند اور ہندوستان کے ساتھ تاریخ ساز سیول نیو کلیئر معاہدہ کو اپنی خبروں میں اُجاگر کیا ۔ ہندوستان اور امریکہ کے درمیان 10 سالہ دفاعی تعاون کی تجدید کو بھی نمایاں اہمیت دی گئی ۔ روزنامہ ڈان نے پنے صفحہ اول پر خبر دی ہے کہ نیوکلیئر معاہدہ کی قطعیت سے چھ سالہ تعطل کا خاتمہ ہوگیا ۔ روزنامہ دی نیوز نے سر ورق پر سرخی تحریر کی ہے ۔’’ایٹمی توانائی سودا : امریکہ ہندوستانی مطالبات کے آگے سر نگوں‘‘۔ روزنامہ دی نیشن میں صدر اوباما کے دورہ اور نیو کلیئر معاہدہ کی خبر نمایاں طور پر سرور پر شائع کی گئی ہے ۔ روزنامہ ایکسپریس ٹریبیون نے جو پاکستان کا ایک اور بڑا اخبار ہے نیو کلیئر معاہدہ پر موجود تعطل کے ختم ہوجانے کی خبر دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے اپنے موجودہ دفاعی معاملہ کو آئندہ دس سال کیلئے توسیع دے دی ہے ۔ روزنامہ دی نیوز نے خبر دی ہے کہ اوباما نے ہندوستان کو افغانستان میں اپنا ایک قابل اعتماد شراکت دار قرار دیا ہے ۔