پاکستانی سم کارڈ اور اسلحہ کیساتھ تین مجرمین گرفتار

موہالی ۔ 4 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پٹھان کوٹ انڈین ایرفورس اڈہ پر دہشت گرد حملہ کے بعد پنجاب پولیس نے منشیات کی اسمگلنگ کے ایک بڑے ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے تین افراد کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے، جن کے قبضہ سے پاکستانی سم کارڈ ، موبائیل فونس ، اسلحہ اور دھماکو اشیاء ضبط کی گئی ہیں۔ موہالی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس جی پی ایس بولر نے کہا کہ تین مجرمین کے قبضہ سے یہ اشیاء ضبط کی گئی ہیں۔ یہ تمام افراد منشیات کی بین ریاستی اسمگلنگ میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ تینوں خطرناک اسمگلرس ہیں جن کے پاس ایک پاکستانی ڈبل میگزین خودکار اسٹین گن کے بشمول موبائیل کی سم کارڈ اور چند بیرونی ساختہ اسلحہ موجود تھے ‘‘۔ بھولر نے کہا کہ تین مجرمین کی شناخت 26 سالہ گرجنت سنگھ عرف بھولو اور 25 سالہ سندیپ سنگھ کی حیثیت سے کی گئی ہے، یہ دونوں موضع حوالیاں کے ساکن ہیں۔ تیسرا مجرم 34 سالہ جتیندر سنگھ عرف جندی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس سے جھڑپ کے دوران ان تینوں کو گرفتار کیا گیا تھا ۔ اس دوران ٹولی کے سرغنہ نے پولیس پر فائرنگ بھی کی تھی۔ ڈکیتیوں اور اسمگلنگ کے کئی مقدمات میں ماخوذ بدنام زمانہ مجرم جئے پال سے ان تینوں کے قریبی تعلقات ہیں۔