جموں ۔2اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی رینجرس نے پھر ایک مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ضلع جموں میں بین الاقوامی سرحد پر واقع ہندوستانی سرحدی چوکی پر مورٹار بموں کے ذریعہ فائرنگ کی ۔ بی ایس ایف کے ایک سینئر عہدیدار نے کہاکہ ’’ پاکستانی رینجرس نے آر ایس پورہ سیکٹر پر کل رات 10بجکر 40منٹ کے قریب بین الاقوامی سرحد پر واقع ہندوستانی سرحدی چوکی پر مورٹار بموں کے ذریعہ فائرنگ کی ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی فائرنگ میں کوئی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا ۔ بین الاقوامی سرحد پر گذشتہ 12گھنٹوں کے دوران جنگ بندی کی یہ دوسری خلاف ورزی تھی ۔ پاکستانی رینجرس نے گذشتہ روز ضلع جموں کے اکھنور سیکٹر کے قریب بین الاقوامی سرحد پر واقع ہندوستان کی 23سرحدیچوکیوں پر چھوٹے آتشیں اسلحہ سے فائرنگ اور مورٹار شلباری کی تھی جس کے نتیجہ میں بی ایس ایف کو جوابی فائرنگ کرنا پڑا ۔ پاکستانی رینجرس نے 29اور 30جولائی کے درمیان لائن آف کنٹرول پر چار مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی تھی ۔