اسلام آباد 23 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی صوبہ پنجاب کے ایک دینی مدرسہ سے ایک مفرور ملزم کے دو بچوں کو خارج کردیا گیا ہے جس پر قومی دارالحکومت میں 2008 ء کے دوران میریٹس ہوٹل پر ہلاکت خیز دہشت گرد حملہ کرنے کا الزام ہے۔ اس واقعہ میں عسکریت پسندوں نے بارود اور دیگر دھماکہ مواد سے لدے ٹرک کو اس فائیو اسٹار ہوٹل سے ٹکرادیا تھا جس کے نتیجہ میں خوفناک دھماکہ ہوا تھا۔ میرٹ ہوٹل پر حملہ کا ملزم محمد اشفاق بعدازاں افغانستان فرار ہوگیا تھا جہاں وہ اب بھی روپوش ہے۔ اشفاق کے دو بیٹوں 17 سالہ شعیب اور 10 سالہ سہیل کو کمالیہ میں واقع مدرسہ عبداللہ بن عباس سے خارج کردیا گیا ہے جہاں وہ دونوں قرآن مجید کا حفظ کررہے تھے۔ اس مدرسہ کے ایک ذمہ دار قاری غلام رسول نے کہاکہ وہ اس بات سے باخبر نہیں تھے کہ یہ دونوں اشفاق کے بیٹے ہیں۔