پاکستانی دولہا 20 ماہ کے لئے برطانیہ کی جیل میں قید

لندن۔ 15؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ برطانیہ کی ایک عدالت نے 3 افراد بشمول ایک پاکستانی دولہے کو اِیمیگریشن کے جرائم کے ارتکاب پر 20 ماہ کی سزائے قید سنادی۔ دولہا اپنی ہونے والی بیوی کا نام شادی سے چند منٹ پہلے بھی بھول گیا تھا۔ عہدیداروں کو اُس وقت چوکس کردیا گیا جب کہ زبیر خان نے ٹیلی فون پر اپنی شادی طئے ہونے کی اطلاع دی۔ جب اس سے شادی کا رجسٹریشن کرنے کے لئے اس کی ہونے والی بیوی کا نام دریافت کیا گیا تو وہ اس کا نام نہیں بتاسکا۔ محکمہ داخلہ کے تحقیقاتی عہدیداروں سے رجسٹرار نے ربط پیدا کیا اور اس جوڑے کو گرفتار کرلیا گیا اور وہ شادی کے رجسٹرار کے دفتر جانے سے پہلے جیل پہنچ گئے۔ 28 سالہ زبیر خان ایک طالب علم ہے۔ اس نے برطانوی شہریت حاصل کرنے کے لئے جعلی شادی کا ڈھونگ رچایا تھا تاکہ بحیثیت طالب علم ویزا حاصل کرسکے، کیونکہ اس کے سابق ویزا کی تاریخ عنقریب ختم ہونے والی تھی۔