پاکستانی جیل میں 3ہندوستانی ماہی گیر فوت

وڈودرا( گجرات ) ۔/17فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی جیل میں بروقت طبی علاج دستیاب نہ ہونے پر 3ہندوستانی ماہی گیروں کی موت واقع ہوگئی۔ گزشتہ اتوار کو جذبہ خیرسگالی کے تحت پڑوسی ملک سے رہا کئے گئے 172 ماہی گیروں میں سے ایک نے آج یہ دعویٰ کیا ہے۔ علاقہ سوراشٹرا کے کوڈی نارٹاؤن میں کوٹاڈاگاوں کے متوطن سی اروند نے بتایا کہ تین ماہی گیروں کی زندگی بچائی جاسکتی تھی اگر پاکستانی جیل حکام بروقت ان کی صحت کے مسائل سے نمٹنے کی کوشش کرتے۔دو متوفیوں کی بحیثیت بابو اور دیو شناخت کرلی گئی جبکہ تیسرے کا نام انہیں یاد نہیں رہا۔ اروند نے یہ ادعا کیا کہ پاکستانی جیلوں میں آج بھی سینکڑوں ماہی گیر ابتر حالت میں قید ہیں جہاں پر حفظان صحت کا کوئی انتظام نہیں ہے۔انہوں نے یہ شکایت کی کہ انہیں مناسب غذا بھی نہیں دی جاتی اور انہیں پاکستانی قیدیوں کے کپڑے دھونے اور بیت الخلاء صاف کرنے کے لئے کہا جاتا ہے۔