لی بورگیٹ (فرانس) ۔ 15 جون ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کو اُس کے
JF-17 تھنڈر جٹ جنگی طیاروں کی خریدی کا پہلا آرڈر حاصل کرنے میں کامیابی ملی ہے ۔ پیرس ایئرشو میں ازسرنو تیار کردہ یہ طیارہ پیش کیا گیا جو شرکاء کی توجہ کا مرکز بنا ہوا تھا ۔ پاکستان کئی سال سے اپنے پہلے دیسی ساختہ جٹ طیارے کی فروخت کیلئے کوشاں تھا ۔ یہ طیارہ قریبی حلیف چین کی مدد سے ڈیزائن کیا گیا ہے ۔ کموڈور سید محمد علی جو پاکستانی فضائیہ کے ترجمان بھی ہیں ، اس طیارے کے آرڈر کو قطعیت دینے کی توثیق کی ، تاہم انھوں نے مزید تفصیلات نہیں بتائی ۔ انھوں نے طیارے خریدنے والے ملک اور اس کی تعداد کے علاوہ فروخت کی تاریخ کو حساس قرار دیتے ہوئے تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔ ایئرشو کی ویب سائیٹ پر ایک اور سینئر عہدیدار کے حوالے سے بتایاگیا کہ یہ طیارے ایک ایشیائی ملک کو فروخت کئے جارہے ہیں اور 2017 ء تک انھیں پہونچایا جائے گا ۔ تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ طیارے کا ڈیزائن اور اس کی نوعیت عمومی طورپر کامیاب رہی ہے ۔ اس کے علاوہ قیمت بھی اس کی کامیابی کی اہم وجہ ہے کیونکہ اسی نوعیت کے امریکی ساختہ F-16 طیارے کی لاگت 16 تا 18 ملین ڈالر ہے ۔