پاکستان، ساری دنیا میں ’یکا و تنہا‘مودی کا کارنامہ

مدھیہ پردیش میں 281 کروڑ کے گھپلے ، امیت شاہ کا کانگریس پر الزام
بائیورا (مدھیہ پردیش) 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو ’عالمی دہشت گرد‘ قرار دینے کا سہرہ مودی کے سر باندھتے ہوئے بی جے پی صدر امیت شاہ نے کہاکہ وزیراعظم نے پاکستان کو ساری دنیا میں ’یکا و تنہا‘ کردیا۔ مدھیہ پردیش میں راج گڑھ لوک سبھا حلقہ میں منعقدہ ایک جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے امیت شاہ نے صدر کانگریس راہول گاندھی پر سخت نکتہ چینی کی۔ انھوں نے کہاکہ مسعود اظہر نے کئی برسوں تک سینکڑوں بم دھماکے کروائے اور کسی نے بھی انھیں عالمی دہشت گرد تسلیم نہیں کروایا مگر کل کا دن ایک سنہرا دن ہے کہ اس دن مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دے دیا گیا۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ مودی نے اپنی سفارت کاری سے پاکستان کو ساری دنیا میں ’تنہا‘ کردیا اور اب ساری دنیا ہندوستان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملاکر کھڑی ہے اور ہمارے ملک کی ’’خود حفاظتی‘‘ کی تائید کررہی ہے۔ ساری دنیا یہ خیال کرتی ہے کہ دہشت گردی کی پرورش اور پرداخت پاکستان کی سرزمین پر ہوتی ہے۔ امیت شاہ نے مدھیہ پردیش کی کانگریس حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیاکہ جو لوگ چیف منسٹر مدھیہ پردیش کے قریب ہیں ان کے ٹھکانوں پر دھاوؤں کے ذریعہ 281 کروڑ کے غیرقانونی معاملات کا پتہ چلایا گیا۔