چیف منسٹر کرناٹک کا احتیاطی تدابیر پر غور ‘ ماہرین کے ساتھ اجلاس
بنگلور ۔ 21جولائی ( پی ٹی آئی ) حکومت کرناٹک نے پانی کی منصفانہ تقسیم کے لئے کرشنا ٹریبونل کی دوبارہ تشکیل کے سوال پر حکومت تلنگانہ کی جانب سے مرکز کو رسمی درخواست دیئے جانے کے بعد احتیاطی تدابیر پر تبادلہ خیال کیا ۔ مرکزی وزیر آبی وسائل ایم وی پاٹل نے کہا کہ کرناٹک کے چیف منسٹر سدارامیا نے حکومت تلنگانہ کی درخواست کے پیش نظر احتیاطی اقدامات پر غوروخوض کے مقصد سے قانونی ماہرین اور پرنسپال اڈوائیزر ( آبی وسائل) ایک اجلاس طلب کیا ۔ حکومت تلنگانہ کے ایک وفد نے 14جولائی کو مرکزی وزیر آبی وسائل اوما بھارتی سے ملاقات کی تھی اور چار ریاستوں تلنگانہ ‘ کرناٹک ‘ مہاراشٹرا اور آندھراپردیش کے درمیان دریائے کرشنا کے پانی کی ازسرنو تخصیص کو یقینی بنانے کیلئے ٹریبونل کی تنظیم جدید کی درخواست کی تھی ۔ کرشنا آبی تنازعہ ٹریبونل کی جانب سے کرناٹک کے چیف سکریٹری کوشک مکرجی کے نام نوٹس جاری کرتے ہوئے اس مسئلہ پر موقف کی وضاحت کرنے کی ہدایت کے بعد مسٹر سدارامیا نے آج یہ اجلاس طلب کیا تھا ۔ ایم وی پاٹل نے کرناٹک کے موقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ آبی تنازعات کے متعلق ٹریبونل کی طرف سے کئے گئے قطعی فیصلہ میں کسی تبدیلی کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف تلنگانہ اور آندھراپردیش کے درمیان کا مسئلہ ہے جس سے کرناٹک کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔