CV ٹکنالوجی کے موجد پروفیسر سی وینکٹیشور کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 7 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : عثمانیہ یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر سی وینکٹیشور ، پروفیسر اینڈ کوآرڈینٹر ، ڈپارٹمنٹ آف باٹنی نے کیٹالسٹ اور ایکوپـمنٹ کو استعمال کرتے ہوئے ایک ٹکنالوجی کو ایجاد کیا ہے جو پانی سے فلورائیڈ کو نکالتی ہے ۔ انہوں نے ایکوپـمنٹ اور Catalyst دونوں کو پیٹنٹ کیا ہے ۔ فلوراسیس ایک خطرناک مرض ہے جو پانی میں فلورائیڈ کے زیادہ ہونے سے ہوتاہے جس کے نتیجہ میں ہڈیاں بوسیدہ ہوجاتی ہیں ۔ دانت زرد ہوجاتے ہیں ، پیٹھ میں خم آتا ہے اور دوسرے مسائل پیدا ہوتے ہیں ۔ ایک پریس میٹ میں اس ٹکنالوجی کے بارے میں بتاتے ہوئے ڈاکٹر وینکٹیشور نے کہا کہ ہندوستان ، امریکہ ، چین ، جاپان ، سری لنکا ، جرمنی ، کناڈا اور سعودی عربیہ جیسے ممالک میں فلوراسیس کا مسئلہ ہے ۔ جب کہ افغانستان ، الجیریا ، لیبیا ، مراقش سوڈان ، تنزانیہ ، تھائی لینڈ اور ترکی جیسے ممالک میں زیر زمین پانی میں زیادہ مقدار میں فلورائیڈ پایا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں اس سے 8700 دیہات متاثر ہیں اور 12 ریاستیں بری طرح متاثر ہیں ۔ آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں 1ppm کی حد کے مقابل پینے کے پانی میں تقریبا 20ppm پایا جاتا ہے ۔ جس کے نتیجہ میں عوام کی بڑی تعداد بالخصوص اضلاع نلگنڈہ ، کریم نگر ، ورنگل ، رنگاریڈی کے عوام اس مسئلہ کے باعث بہت زیادہ متاثر ہیں ۔ یہ ٹکنالوجی جسے سی وی ٹکنالوجی کا نام دیا گیا ہے پانی سے فلورائیڈ کو نکال کر صفر ppm کرتی ہے اور یہ ٹکنالوجی بہت کم خرچ میں پینے کے پانی سے زیادہ سے زیادہ فلورائیڈ کو نکال سکتی ہے ۔ اس ٹکنالوجی کو کسی مخصوص علاقہ میں استعمال کے لیے کسی بھی این جی او کی جانب سے خریدا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فی الوقت امریکہ کی ایک کمپنی نے اس ٹکنالوجی میں دلچسپی دکھائی ہے ۔ یہ ٹکنالوجی ، ٹکنالوجی ٹرانسفر کے ذریعہ دستیاب ہے ۔ اس ٹکنالوجی کو گھر میں بھی استعمال کیا جاسکتا ہے ۔۔