حیدرآباد۔/25فبروری، ( رتنا چوٹرانی ) حیدرآباد میٹرو پولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ نئے واٹر سپلائی پراجکٹس پر عمل آوری کیلئے بیرونی سرمایہ کاری کے امکانات تلاش کررہا ہے۔ جی ایچ ایم سی حدود میں دونوں شہروں کے مضافاتی علاقوں میں آبرسانی بورڈ کئی پراجکٹس شروع کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے لیکن مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی جانب سے فنڈز کی اجرائی ایک مشکل مرحلہ بن گئی ہے چنانچہ آبرسانی بورڈ نے عوامی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے بیرونی ایجنسیوں سے مالی مدد حاصل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ آبرسانی بورڈ مضافاتی علاقوں میں تقریباً 3195کروڑ روپئے کے پراجکٹس پر عمل آوری کا خواہاں ہے۔ اس مقصد کیلئے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی، کوریا واٹر ریسورسیس کارپوریشن، ریپبلک آف کوریا اور دیگر غیر ملکی اداروں سے سرمایہ کاری کے سلسلہ میں ربط قائم کیا گیا ہے۔
ان ایجنسیوں نے گریٹر حیدرآباد کے اطراف پانی کی سربراہی کے پراجکٹس کیلئے فنڈز کی فراہمی میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ آبرسانی بورڈ کے عہدیداروں نے بتایا کہ مضافاتی علاقوں میں پانی کی سربراہی کا موجودہ موقف اطمینان بخش نہیں ہے اور اس نیٹ ورک کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ سیری لنگم پلی میں صرف 30فیصد احاطے میں پانی کی سربراہی کا انتظام ہے اسی طرح راجندر نگر میں 45فیصد، قطب اللہ پور میں 45تا50فیصد، ملکاجگیری 60فیصد، کوکٹ پلی 70فیصد، اوپل 80فیصد، ایل بی نگر اور کاپرا 85فیصد، الوال سرکل میں 90فیصد پانی کی سربراہی کا انتظام ہے۔ عہدیداروں نے 11سرکلس میں تفصیلی پراجکٹ رپورٹ اور ان پر عائد ہونے والے مصارف کا بھی ذکر کیا۔انہوں نے بتایا کہ ان پراجکٹس کیلئے فنڈز کے سلسلہ میں مختلف امکانات تلاش کئے جارہے ہیں۔ایک تجویز یہ ہے کہ ابتداء میں سرمایہ کار مکمل پراجکٹ کی لاگت کی رقم مشغول کرسکتا ہے بعد ازاں سالانہ اساس پر یہ رقم واپس کی جائے گی اور ایسا کرنے سے 15تا20سال میں شرح سود 11تا12فیصد سے زائد نہیں ہوگا۔ ایک اور تجویز یہ ہے کہ سرمایہ کار پراجکٹ پر مکمل رقم لگائے اور تعمیر ، ملکیت ، انتظام و انصرام اور منتقلی کی اساس پر معاہدہ کیا جائے گا۔
مشرقی گوداوری میں سمیت غذا سے 17 طالبات متاثر
راجمندری(اے پی)۔/25فبروری، ( پی ٹی آئی) آندھرا پردیش کے ضلع مشرقی گوداوری میں سرکاری ایس سی؍ ایس ٹی ہاسٹل میں 17لڑکیاں سمیت غذا سے متاثر ہوئیں انہیں دواخانہ میں شریک کروایا گیا ۔ پولیس کے مطابق تمام دسویں جماعت میں زیر تعلیم طالبات کو رات کے کھانے کے بعد قئے اور دست ہونے کے سبب دواخانہ میں شریک کیا گیا۔ راجمندری میونسپل کارپوریشن صدر نشین راجانی شیشانے ہاسپٹل کا دورہ کرتے ہوئے بہتر علاج معالجہ کی دواخانہ انتظامیہ کو ہدایت دی۔ دواخانہ کے ذرائع کے مطابق طالبات کی حالت اب اطمینان بخش ہے۔ پولیس نے ہاسٹل سے غذا کے نمونوں کو حاصل کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔