مخلوعہ جائیدادوںتقررات کا تیقن ۔ ریاستی وزیر سرینواس یادو
حیدرآباد 26 مارچ ( این ایس ایس ) ریاستی وزیر مسٹر ٹی سرینواس یادو نے آج کہا کہ اگر کسی مقام پر پانی اور برقی جیسے وسائل دستیاب ہوں تو وہاں آسانی سے زندگی گذاری جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کیلئے برقی اور پانی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یہ احساس ہوگیا تھا کہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے ذریعہ ہی ہر شعبہ میں تیزی سے ترقی کی جاسکتی ہے ۔ سرینواس یادو نے کہا کہ ابتداء میں وہ علیحدہ تلنگانہ کے مخالف تھے بعد میں انہیں یہ احساس ہوگیا کہ علیحدہ ریاست تلنگانہ میں ترقیاتی اور بہبودی کے رپوگرام زیادہ با اثر ہوسکتے ہیں۔ انسانیت کیلئے پانی اور برقی کے وسائل بہت اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے مختلف اسکیمات پر عمل کیا جا رہا ہے ۔ بی سی سب پلان شروع کرنے کا اعزاز ٹی آر ایس حکومت کو ہی حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ تعلیمی سال سے ریاست میں 119 گروکل اسکولس قائم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے اس مسئلہ پر احتجاج کرنے پر دوسری جماعتوں کے رویہ پر اعتراض کیا اور کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ان مسائل کو حل کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت نے اب تک ایک لاکھ جائیدادوں پر تقررات کے وعدہ کے منجملہ 45,000 جائیدادوں پر تقررات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ریاست میں تقرر طلب جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کے عہد کے پابند ہیں اور اس تعلق سے نوجوانوں اور تعلیم یافتہ افراد کو فکرمند ہونے کی ضرورت نہیںہے ۔ سرینواس یادو نے کہا کہ سابقہ حکومتوں میں غریب طبقات کو نظر انداز کردیا گیا تھا لیکن موجودہ ٹی آر ایس حکومت سماج کے تمام طبقات کو مساوی مواقع فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ بھی ترقی کرسکیں۔