پانچ روپئے کھانا اسکیم کو پرکشش بنانے کی مساعی ،درشنی کی تشکیل ، معیاری ٹفن سنٹرس کی طرز پر سہولتیں

حیدرآباد /18 جولائی ( سیاست نیوز ) شہر میں جاری 5 روپئے کھانے کے سنٹرز کو پرکشش بنانیکا بلدیہ نے فیصلہ کیا ہے ۔ معیار کے ساتھ ساتھ وقار کو اہمیت دیتے ہوئے اناپورنا سنٹرز کو درشنی کی طرح تشکیل دینے کا ارادہ کرلیا ہے اور اس خصوص میں حکمت عملی کو بھی قطعیت دی گئی ہے ۔ بلدیہ کے اس شہر میں موجودہ 150 اناپورنا سنٹرز میں بیٹھنے کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔ فی الحال 5 روپئے کھانے کے ان سنٹرز میں عوام کو سڑک پر ٹہرے ٹہرے ہی کھانا پڑتا ہے ۔ درشنی معیاری ٹفن سنٹرز طرز کی سہولیات کو پہونچایا جائے گا ۔ جبکہ ان سہولیات کے ساتھ قیمت میں اضافہ کا تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے ۔ موجودہ ان سنٹرز کی لاگت میں 3 لاکھ 60 ہزار روپئے خرچ ہوئے اور زائد سہولیات کے سبب مزید 3 لاکھ فی سنٹرز اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔ ہر موسم کے لحاظ سے سہولت بخش اور معیاری ٹفن سنٹر کی طرح اسٹیل کے ٹیبل اسٹانڈ سیلف سرویس انداز کے ٹفن سنٹرز کے مقابلہ میں مجوزہ منصوبہ پر عمل آوری کی جائے گی اور اس کیلئے 100 گز اراضی والے کھلے مقامات کی نشاندہی کی جارہی ہے ۔ گذشتہ 4 سال کے عرصہ میں اس اسکیم کو غیر معمولی مقبولیت اور اہمیت حاصل ہوئی ہے ۔ جبکہ ملک کے دیگر شہروں میں علحدہ ناموں کے ذریعہ اس طرح کے 5 روپئے میں کھانے کی اسکیم پر عمل آوری کی جاری ہے ۔ اس اسکیم کو نامپلی سرائے میں سال 2014 میں آغاز کیا گیا تھا ۔ پہلے مرحلے کے تحت 8 سنٹرز قائم کئے گئے تھے جن کی تعداد میں اضافہ ہوتے ہوئے اب 150 سنٹرز بن گئے ہیں ۔ ان سنٹرز میں صبح گیارہ بجے تا 2 بجے تک کھانا دستیاب رہتا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اناپورنا اسکیم کے تحت فراہم کئے جارہے اس 5 روپئے میں کھانے پر کل 24.25 روپئے کا خرچ آتا ہے ۔ 5 روپئے استفادہ کنندہ ادا کرنا ہے جبکہ 19.25 روپئے بلدیہ کی جانب سے سبسیڈی کے طور پر دئے جاتے ہیں ۔ جس میں 400 گرام چاول 100 گرام دال اور 100 گرام سالن سامبر اور اچار مہیا کیا جاتا ہے ۔