پامیرا پر شام کے 15 فضائی حملے

بیروت۔ 25 مئی (سیاست ڈاٹ کام) شامی حکومت کے طیاروں نے آج کم از کم 15 فضائی حملے قدیم شہر پامیرا اور اس کے مضافات پر کئے۔ اس کے بعض میزائل، دولت اسلامیہ کے اڈے کے قریب گرے۔ انسانی حقوق کی علمبردار تنظیم شامی رصدگاہ کے بموجب کم از کم 4 شہری ان دھاوؤں میں ہلاک ہوگئے۔ شہر پامیرا پر جمعرات کے دن دولت اسلامیہ کے قبضہ کے بعد یہ شدید ترین حملہ تھا۔ ان حملوں کا نشانہ شہر کے کئی علاقے بشمول شہر کے قریب مشہور یونانی۔ رومی کھنڈرات تھے جو یونیسکو کے عالمی تہذیبی ورثہ کے مقام کی حیثیت رکھتے ہیں۔ فوج کے ایک ذریعہ نے ان کارروائیوں کی توثیق کی۔ اس نے کہا کہ فوجی کارروائیاں بشمول فضائی حملے علاقہ السکنہ (پامیرا) ، عرق اور الہیل تیل کے کنوؤں اور پامیرا جانے والی تمام سڑکوں پر کئے جارہے ہیں۔