پالیرو میں ٹی آر ایس کا کانگریس ، تلگو دیشم اور وائی ایس آر کانگریس سے راست مقابلہ

انتخابی مہم کے لیے وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ نے کمان سنبھال لی ، جلسوں سے خطاب کی تیاری
حیدرآباد۔/29اپریل، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے آج کھمم پہنچ کر پالیرو اسمبلی حلقہ میں پارٹی انتخابی مہم کی کمان سنبھال لی ہے۔ اس حلقہ میں ٹی آر ایس کا کانگریس، تلگودیشم اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی سے راست مقابلہ ہے۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے کے ٹی راما راؤ نے حلقہ میں انتخابی مہم کی ذمہ داری سنبھال لی اور وہ زیادہ تر اسی حلقہ میں قیام کرتے ہوئے انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ کے ٹی آر نے آج کھمم میں پارٹی کارکنوں کے خلاف اجلاس منعقد کیا اور ہدایت دی کہ انتخابی مہم میں مصروف ہوجائیں اور زیادہ سے زیادہ رائے دہندوں سے ربط قائم کرتے ہوئے حکومت کی فلاحی اسکیمات سے واقف کریں۔ پالیرو میں ٹی آر ایس کی کامیابی کو یقینی قرار دیتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد سے جتنے بھی ضمنی انتخاب ہوئے ہیں ان میں ٹی آر ایس نے شاندار کامیابی حاصل کی۔ اس کے علاوہ حیدرآباد کے بشمول ورنگل اور کھمم بلدی انتخابات میں بھی پارٹی کو کامیابی حاصل ہوئی۔ اس طرح پالیرو میں بھی پارٹی شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات کے سبب عوام ٹی آر ایس کے ساتھ ہیں اور کامیابی میں کسی شبہ کی گنجائش نہیں۔ کے ٹی آر نے کانگریس پارٹی پر تنقید کی اور کہا کہ وہ پارٹی ملک کیلئے بدشگون ہے اور اس کی تاریخ بدعنوانیوں سے پُر ہے۔ کانگریس پارٹی نے 60 برسوں میں عوام کی بھلائی پر توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم پارٹی کا قیام کانگریس کی مخالفت میں ہوا تھا لیکن آج وہی پارٹی پالیرو میں کانگریس کی تائید کررہی ہے۔ دونوں جماعتوں کا متحدہ مقابلہ باعث حیرت ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس، تلگودیشم اور وائی ایس پارٹی کا اتحاد دراصل بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے۔ تینوں جماعتیں مل کر بھی ٹی آر ایس کی کامیابی کو روک نہیں پائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ تینوں پارٹیوں نے واحد ایجنڈہ کے ساتھ سیاسی مقصد براری کیلئے یہ قدم اٹھایا ہے تاکہ ٹی آر ایس کی کامیابی کے تسلسل کو روکا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ شکست کے خوف سے یہ اتحاد بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چندر شیکھر راؤ وہ واحد چیف منسٹر ہیں جنہوں نے 5برسوںمیں ہر گھر کو پینے کے پانی کا کنکشن فراہم کرنے کا اعلان کیا اور اس وعدہ کی عدم تکمیل کی صورت میں دوبارہ عوام سے ووٹ کی اپیل نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مشن بھیگرتا کے تحت اس پراجکٹ پر عمل آوری کی جارہی ہے۔ انہوں نے پالیرو کے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے علاقہ کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے ناگیشورراؤ کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔