حیدرآباد۔20 جولائی (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش رائو نے کہا کہ پالمور رنگاریڈی پراجیکٹ کو کالیشورم کی طرز پر تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔ ہریش رائو نے عہدیداروں کے ساتھ پالمور رنگاریڈی لفٹ ایریگیشن پراجیکٹ کے کاموں کی پیشرفت کا جائز لیا۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں میں مقدمات کی وجہ سے تعمیری کام میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے۔ حکومت مقدمات کی یکسوئی کرتے ہوئے پراجیکٹ کو عاجلانہ طور پر مکمل کرے گی۔ ہریش رائو نے واضح کیا کہ آبی ذخائر کی تعمیر کے سلسلہ میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ کے علاقے میں جنگلاتی اراضیات کے حصول کے لیے 49 کروڑ روپئے جاری کیے گئے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعض مخالف سیاسی جماعتوں نے پراجیکٹ کے خلاف عدالت میں مقدمات دائر کیے ہیں۔ حکومت ان مقدمات کی جلد یکسوئی کی کوشش کررہی ہے۔ پالمور رنگاریڈی پراجیکٹ کے تحت 18 پیکیجس کے کاموں کا جائزہ لیا گیا۔ پیکیج I میں 66 لاکھ کیوبک میٹر مٹی میں سے 18 لاکھ کیوبک میٹر کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ زیر زمین پمپ ہائوز، ٹنل اور گراویٹی کنال کے کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔ پیکیج کی تکمیل پر ضلع محبوب نگر کو آئندہ موسم گرما سے پانی کی سربراہی ممکن ہوگی۔ ہریش رائو نے کہا کہ حکومت تمام آبپاشی پراجیکٹوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا تہیہ کرچکی ہے۔ پراجیکٹس کی تکمیل کے بعد تلنگانہ کا کوئی بھی علاقہ خشک سالی سے متاثر نہیں رہے گا۔