دو کروڑ پاسپورٹس جاری، حیدرآباد کو ملک بھر میں پہلا مقام، ریجنل پاسپورٹ آفیسر اشوینی ستارو
حیدرآباد ۔ /14 اکٹوبر (سیاست نیوز) ریجنل پاسپورٹ آفیسر شریمتی اشونی ستارو نے آج بتایا کہ حیدرآباد پاسپورٹ آفس پاسپورٹس کی اجرائی میں ملک میں سرفہرست ہے اور گزشتہ تین ماہ میں ایک لاکھ 99 ہزار پاسپورٹس جاری کئے گئے ہیں ۔ جبکہ صرف اگست 2014 ء میں 84 ہزار 806 پاسپورٹس کی اجرائی عمل میں آئی جو ایک قومی ریکارڈ ہے ۔ انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ حیدرآباد پاسپورٹ آفس عاجلانہ طور پر پاسپورٹس کی اجرائی عمل میں لارہی ہے ۔ شریمتی اشوینی نے مزید بتایا کہ ریجنل پاسپورٹ آفس حیدرآباد کی جانب سے پہلی مرتبہ ’’آن ہولڈ اپائنٹمنٹ‘‘ کی سہولت ان درخواست گزاروں کو فراہم کی جارہی ہے جو پاسپورٹ سیوا کیندر میں درخواست داخل کرنے کے دوران تمام درکار دستاویزات بہ یک وقت داخل کرنے سے قاصر رہے ۔ ان درخواست گزاروں کو آن ہولڈاپائنٹمنٹ کے ذریعہ مزید وقت فراہم کرتے ہوئے انہیں درکار دستاویزات داخل کرنے کیلئے کاموقع فراہم کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کوئی بھی درخواست گزار اپنی شکایت یا اپنا مسئلہ یکسوئی کیلئے حیدرآباد ریجنل پاسپورٹ آفس سے ایام کار کے دوران صبح 9.30 تا 11.30 بجے رجوع ہوسکتا ہے ۔ یہاں ایک خصوصی ہیلپ ڈیسک بھی قائم کیا گیا ہے اور سپرنٹنڈنٹ رتبے کے 3 عہدیداروں کو عوام کے مسائل کی یکسوئی کیلئے متعین کیا گیا ہے ۔ شریمتی اشوینی نے درخواست گزاروں کے متفرق معاملوں مثال کے طور پر طلاق ، تاریخ پیدائش میں تبدیلی اور بچوں کو گود لینے کی یکسوئی کیلئے مذکورہ ہیلپ ڈیسک کارگرد ثابت ہورہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ یہاں پر سکونت اختیار کرنے والے طلباء کیلئے خصوصی زمرہ کے تحت پاسپورٹ کی فراہمی کیلئے سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔ جس میں رہائشی صداقت نامہ کے بغیر صرف کالج بونافائیڈ سرٹیفکیٹ پر انہیں پاسپورٹ فراہم کیا جارہا ہے ۔ انھوں نیطلباء کو یہ مشورہ دیا ہے کہ وہ پاسپورٹ درخواست آن لائین داخل کریں۔ کسی بھی ایجنٹ کے چنگل میں نہ پھنسے ۔ کمسن بچوں کے پاسپورٹ کی حصولی کیلئے ماں باپ کا پاسپورٹ ہونا لازم نہیں ہے ۔ نئے پاسپورٹ سیوا کیندر سسٹم کے آغاز کے بعد سے پاسپورٹ آفس حیدرآباد نے /29 ستمبر 2014 ء کو ملک کے 2 کروڑ ویں پاسپورٹ درخواست کی پراسیسنگ مکمل کی جس کی تکمیل پر متعلقہ پاسپورٹ نئی پاسپورٹ آفیسر اشوینی ستارو نے بے بی انائیکا اور اس کی والدہ کے حوالے کردیا۔